کراچی……عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم فوری طور پر پی آئی اے ملازمین سے بات چیت کا آغاز کریں، قومی ائیر لائن سے لازمی سروسز ایکٹ کا نفاذ فوری واپس لیا جائے اور ملازمین پر فائرنگ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے۔
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت جب بھی منفی کام کرے گی اُن کی پارٹی سڑکوں پر ہوگی،حکومت کو ڈیزل کی قیمت 30 روپے کم کرنی چاہیے۔ائیر پورٹ پر پی آئی اے ملازمین سے خطاب کرنے کے بعد اسٹار گیٹ پر لوگوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مزید کم کرنی چاہیے کیونکہ ڈیزل کم ہونے سے چھوٹے کسانوں، تاجروں اور ٹرانسپورٹرز کو فائدہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی حکومت میں بجلی کی قیمتوں پر 3ٹیکس مختلف عائد کئے گئے ہیں، جو بھتہ خوری کے مترادف ہیں، سب سے پہلے ایف بی آر کو ٹھیک کیا جائے، کیونکہ اسی ادارے کے مطابق ہر سال 270ارب روپے کی اسمگلنگ ہوتی ہے۔