سکھر(ویب ڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں حکومت نہیں، ملک کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی چاہئے، حکومت کو ختم نہیں کریں گے، کام کرنے کا موقع دیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، خورشید شاہ نے کہا کہ گالم گلوچ کی نہیں، 22 کروڑ عوام کی ترقی کی سیاست کررہے ہیں، ملک میں سیاست و جمہوریت کی بنیاد بھٹو نے ڈالی، ذوالفقار بھٹو نے ملک کو آمریت سے آزاد کیا۔
خورشید شاہ نے کہا کہ روشنیوں کی تلاش میں قربانیاں دے کر آگے بڑھ رہے ہیں، عوام کی ترقی کے لیے دشمن بھی کچھ کرے گا تو اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے، بلاول کی قیادت میں وہی سیاست کرنا چاہتے ہیں جو بی بی اور بھٹو نے کی۔
الیکشن پر خدشات تھے مگر جمہوری حکومت آمریت سے لاکھ درجہ بہتر ہے۔پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ افہام و تفہیم سے مسائل کا حل چاہتے ہیں لڑائیوں سے نہیں، پاکستان کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، بھٹو نے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا، کسی سپر طاقت کی کٹھ پتھلی نہیں بننا چاہتے، عوامی ایجنڈے پر چلنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہندو، مسیحی اور سکھ برادری کو پیپلزپارٹی اپنا حصہ سمجھتی ہے، ہندو برادری کے دوستوں کو دیوالی کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔خورشید شاہ نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ عوام کو خوشحالی، ترقی اور روزگار دیا جائے، کسی اور ملک کے ایجنڈے پر کام نہیں کرنا چاہتے، ہم جھگڑے نہیں ملک کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے، الیکشن پر خدشات تھے مگر جمہوری حکومت آمریت سے لاکھ درجہ بہتر ہے، دعا ہے کہ دنیا میں روشنی پھیلے اور اندھیرے ختم ہوں۔