counter easy hit

عمران خان پر کوئی بھی کالا یا پیلا جادو اثر نہیں کرتا، سعد رفیق

Saad Rafique

Saad Rafique

لاہور : وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کالا پیلا کوئی بھی جادو عمران خان پر اثر نہیں کرتا۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ عمران کی طلاق ان کا نجی معاملہ ہے، کسی کے ذاتی معاملات پر بیان دینا مناسب نہیں، کالا پیلا کوئی بھی جادو عمران خان پر اثر نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سیاست کے مزاحیہ کردار بن چکے ہیں- اگر وہ ایک صوبہ کے حکمران بن ہی گئے ہیں تو ان کو اپنے صوبے کو سنبھالنا چاہئے۔ جو اپنی زبان کو کنٹرول نہ کرسکیں وہ پاکستان کی ترجمانی نہیں کرسکتے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کالا باغ ڈیم کو علاقائی سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا گیا، اس کی مخالفت کرنے والوں نے کوئی قومی فریضہ سر انجام نہیں دیا، کالا باغ ڈیم کی مخالفت نہ ہوتی تو 4 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں موجود ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ سول ملٹری تعلقات اس وقت بہتری کی طرف چل رہے ہیں ایسے پہلے کبھی بھی نہیں تھے۔ دہشت گردوں کی کمرتوڑ دی گئی ہے۔ آج ضرب عضب کے ساتھ پوری قوم کھڑی ہے اسی لئے ہم کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

سعد رفیق نے کہا کہ قائد حزب اختلاف نے اپنے خط میں جو کچھ کہا وہ اس کے مندرجات سے اتفاق نہیں کرتے کیونکہ حکومت کی تمام صوبوں پر برابر توجہ ہے، اقتصادی راہداری منصوبے میں چاروں صوبوں میں برابر ترقی ہورہی ہے، ہر ایک پنجاب کو نشانہ بنائے یہ مناسب نہیں ہے، جب ہم ترقیاتی کام کرتے ہیں تو اس بات کا خیال نہیں رکھتے کہ کس کا تعلق کس جماعت سے ہے، ووٹر کو کوئی بے وقوف نہیں بنا سکتا، جو جتنا مرضی پراپگینڈا کرلے، حقائق خود بولتے ہیں۔