لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا حکمرانی میں کنٹرول بڑھتا جارہا ہے‘ آنے والے دنوں میں یہ مزید مضبوط ہوتا جائے گا‘ حکومت پانچ سال پورے کرے گی‘ عمران خان حکومت چھوڑسکتے ہیں مگر نواز‘ شہباز اور زرداری کے ساتھ این آر او نہیں کریں گے‘ آئندہ مشکل وقت مسلم لیگ (ن) کیلئے آسکتا ہے‘ شہباز شریف، نواز سے بھی 10 ہاتھ آگے ہیں‘عوام دیکھے گی کہ یہ لوگ برصغیر پاک و ہند کے سب سے بڑے ڈکیت ہیں‘ ملک میں صدارتی نظام کے کوئی حالات نہیں اور ایسی باتیں ملک توڑنے کے مترادف ہیں‘ ہمیں پارلیمانی نظام کو ہی مضبوط کرنا چاہئے‘ وہ اتوار کو مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے‘ انہوں نے کہا کہ ملک کو لوٹنے والے کرپٹ سیاستدان بھی اس کوشش میں ہیں کہ انہیں این آر او مل جائے‘ اپوزیشن کا ایک ہی مسئلہ ہے کہ باہر جانے دو‘ پہلے ہی جو اس ملک سے گئے وہ واپس نہیں آئے‘ اب وہ لوگ کدھر گئے جو کہتے تھے کہ ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت ہوجائے تو عوام کا ہاتھ اور میرا گریبان ہوگا‘ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری بلاول بھٹو کو حساس ترین ایشوز پر استعمال کررہے ہیں‘ تاریخ کا وہ پہلا واقعہ تھا جب محترمہ بینظیر بھٹو کا وصیت نامہ ان کی ملازمہ کے پرس سے نکلا‘ نواز‘ شہباز سمیت کوئی بھی جیل نہیں کاٹ سکتا تاہم آصف علی زرداری صرف جیل کاٹ سکتے ہیں
باقی ڈرے ہوئے لوگ ہیں‘ زرداری کی خواہش بھی ہے کہ انہیں شہباز شریف جیسا فارمولہ ملے لیکن مجھے یقین ہے کہ عمران خان نواز‘ شہباز اور زرداری کے ساتھ این آر او نہیں کرینگے‘ حکومت کو پیپلز پارٹی یا ن لیگ سے کوئی خطرہ نہیں‘ شہباز شریف منی لانڈرنگ کیس سے نہیں بچ سکتے‘ فضل الرحمن نے ساری زندگی سیاستدانوں کو استعمال کیا اور اب سیاستدان ان کو استعمال کررہے ہیں تاہم وہ وکٹ کے دونوں طرف کھیلنے کے بہت بڑے کاریگر ہیں‘ ایم ایل ون معاہدے سے ریلوے کی تاریخ بدل جائے گی جس سے 1800کلو میٹر طویل نیا ٹریک بنے گا‘ نالہ لئی اور ایم ایل ون دو بڑے کام ہیں جس سے انشاء اللہ سرخرو ہونگے۔