اسلام آباد (یس ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے درمیان ایشوز کے حوالے سے سات سے زائد نکات پر اتفاق ہو گیا۔ ایشوز پر ذہنی ہم آہنگی نے چوہدری سرور کے لئے فیصلے کو آسان بنا دیا۔
سابق گورنر آئندہ چند روز میں اپنے سیاسی فیصلے کا اعلان کر دیں گے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان اور چوہدری سرور کے درمیان اتوار کے روز ملاقات اورمذاکرات کے دو رائونڈز ہوئے ہیں جن میں چوہدری سرور نے ملک کے اہم ترین ایشوز پر تحریک انصاف کی کیا پالیسیاں ہونگی اس پر عمران خان سے تفصیلی مشاورت کی ہے۔
ذرائع کےمطابق تحریک انصاف کی انرجی پالیسی ، اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے اقدامات پر چوہدری سرور مطمئن ہوگئے ہیں جبکہ زرعی پالیسی پر بھی اتفاق رائے سامنے آیا ہے ، انڈسٹری پالیسی پر دونوں میں ذہنی آہنگی ہوگئی ہے۔
چوہدری سرور کے شیڈو کابینہ بنانے کے آئیڈیا سے بھی عمران خان نے اتفاق کرلیا ہے جبکہ صوبوں کے لئے فنانس کمیشن اوراووسیز پالیسی پر بھی چوہدری سرور ،عمران خان سے متفق ہوگئے ہیں ۔ سابق گورنر چوہدری سرور نے عمران خان سے ملاقات کو بہترین قراردیدیاہے ذرائع کے مطابق چوہدری سرور چند روز میں اپنی سیاسی فیصلے کا اعلان کردیں گے۔