اسلام آباد(یس ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اینکر پرسن ریحام خان سے شادی کے فوراً بعد سول نافرمانی کی تحریک ختم کر کے بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ کے بجلی کے بل ادا کردیئے۔
عمران خان کی جانب سے بل کی ادائیگی کے بعد آئیسکو حکام نے بجلی کے منقطع کنکشن بحال کر دیئے، عمران خان نے بنی گالہ میں بجلی کے 3 میٹر لگا رکھے ہیں جن کے بل جمعے کو بینک میں جمع کرا کر ان کی رسیدیں آئیسکو کے ہیڈ کوارٹر میں دے دی گئی ہیں۔
بجلی کے ایک میٹر کا بل 136745، دوسرا ٹیوب ویل کا 46827 روپے جب کہ تیسرے میٹر کا بل 15331 روپے ادا کیا گیا، آئیسکو حکام کے مطابق دھرنے کے دوران عمران خان نے بجلی کے بل ادا نہیں کیے تھے جس پر حکومت نے کنکشن منقطع کر دیے تھے۔
دوسری جانب وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کا کہنا ہے کہ ریحام خان عمران خان کی زندگی میں مثبت تبدیلی لائی ہیں، سول نا فرمانی کی تحریک ختم کرنے اور بجلی کا بل ادا کرنے پر ان کا شکر گزار ہوں۔