اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان خیبرپختونخواہ میں کوئی یونیورسٹی نہ بنا سکے.
ان خیالات کا اظہار انھوں نے پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ ن لیگی حکومت نے ملک میں نئی یونیورسٹیز اور کالج بنائے، البتہ مخالفین ایسی کوئی مثال پیش نہیں کرسکتے.
انھوں نے مزید کہا کہ ہمارے دورمیں 18 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے شروع کیے گئے، اسی طرح سی پیک کے تحت گوادر کو جدید ترین بندرگاہ بنایا جارہا ہے.
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ترقی کا نیا دورشروع ہوچکا ہے، آج ملک میں لوڈشیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہے.
احسن اقبال نے مزید کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے 10 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی، ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا.
پریس کانفرنس میں بدنظمی
احسن اقبال کی پریس کانفرنس میں اس وقت بدنظمی پیدا ہوگئی، جب شرکا میں سے چند افراد نے “گو نوازگو” کے نعرے لگائے.
یاد رہے کہ ماضی میں ایک جلسے کے دوران سابق وفاقی وزیر پر جوتا اچھالا گیا تھا، اسی طرح ان پر قاتلانہ حملے کا افسوس ناک واقعہ بھی ایک جلسے کے اختتام پر پیش آیا تھا.