پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ رینجرز کا کراچی میں آپریشن ہوسکتا ہے تو پنجاب میں کیوں نہیں؟لاہور میں گنگا رام اسپتال آمد کے موقع پر میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں دندناتے ہوئے افراد کے خلاف رینجرز آپریشن کیوں نہیں کیا جاتا؟عمران خان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہوتا تو ملک میں دہشت گردی نہ ہوتی۔ ٍ
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب تک پولیس کو ٹھیک نہیں کیا جائے گا دہشت گردی ختم نہیں ہوگی، پولیس کو غیر سیاسی اور غیر جانبدار بنانا ہوگا۔اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی لاہور کے گنگارام اسپتال آمد کے موقع پر اسپتال میں افرا تفری مچ گئی، ہجوم بے قابو ہوگیا، اسی اثناء میں اسپتال کا دروازہ ٹوٹ گیا اور شیشہ ٹوٹ کر فرش پر بکھر گیا۔پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے شہید ڈی آئی جی احمد مبین کی رہائش گاہ پر جا کر ان کے لواحقین سے تعزیت،دکھ اور افسوس کااظہار کیا، شہید ڈی آئی جی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔