اسلام آباد (ویب ڈیسک)وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے ’بیٹی‘ ایپ تیار کرنے کا اعلان کردیا۔وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت اسلام آباد میں ایک اجلاس ہوا جس میں موبائل ایپلی کیشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے دوران بتایا گیا یہ ایپلی کیشن ایک پورٹل کے
طور پر کام کریگی جو خواتین کے حقوق، قوانین و ضوابط، تربیت اور سکالرشپ کے مواقع کے بارے میں معلومات فراہم کرے گی۔بیٹی‘ایپلی کیشن پر خواتین کیلئے ہیلپ لائن اور جاب پورٹل کی خدمات بھی میسر ہونگی، علاوہ ازیں ایپلی کیشن کے ذریعے خواتین قریبی ہسپتالوں، تعلیمی اداروں، پولیس سٹیشنوں اور ہاسٹل کی تلاش بھی کرسکیں گی۔’بیٹی‘ ایپلی کیشن خواتین کو با اختیا ر بنانے کیلئے عوامی و نجی شعبے کے ذریعے چلائے جانیوالے پروگراموں میں مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر کام کریگی،اس موبائل ایپلی کیشن کو تیار کرنے کا مقصد خواتین کو مواصلاتی ٹیکنالوجی کے ذریعے بااختیار بنانا ہے۔وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صد یقی نے اجلاس میں اس اقدام کو سراہتے ہوئے ایپ کی فوری تیاری کی ہدایت کی۔