اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران خان نے انتخابات سے قبل گلگت بلتستان میں وزیراعظم کے ترقیاتی پیکیج کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دھاندلی کے مترادف قرار دیا ہے۔
ایک بیان میں عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا گلگت بلتستان میں ترقیاتی پیکیج کا اعلان انتخابات سے قبل دھاندلی کے مترادف ہے، یہ نواز حکومت کے انھی اقدامات کا تسلسل ہے جس کے تحت انہوں نے گلگت بلتستان میں اپنا گورنر بنایا اور ن لیگ کی حمایت یافتہ عبوری حکومت اور الیکشن کمشنر تعینات کیے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے یہ اقدامات سراسر ناقابل قبول ہیں اوروہ ان کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ رقم کے استعمال اور اقربا پروری کے باوجود نواز شریف گلگت بلتستان میں اپنا اثرقائم نہیں کرسکے ہیں، ن لیگ کو جمہوریت کی بنیادی باتیں سیکھنے کی ضرورت ہے۔