اسلام آباد (یس ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے گزشتہ 2 سال کے دوران بیرون ملک منتقل کی جانے والی رقوم کی تفصیلات جاری کر دیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ 14-2013 کے دوران ملکی اشرافیہ نے دبئی میں 430 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جبکہ وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کے امریکا، یورپ اور خلیجی ممالک میں جائیداد، بینک اکاؤنٹس اور زیورات پڑے ہیں۔
جبکہ دونوں بڑی جماعتوں کے سربراہان نے اپنی غیرقانونی دولت بچانے کے لئے گٹھ جوڑ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشرافیہ کی جانب سے 859.7 ملین امریکی ڈالر سوئس بینکوں میں جمع کرائے گئے جبکہ حکمراں جماعت نے سوئس بینک میں آصف زرداری اور بینظیر بھٹو کے 60 ملین ڈالر واپس لانے کے لئے اب تک کچھ نہیں کیا۔
عمران خان نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارپر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ پر موجود ہے کہ اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کے دبئی اکاؤنٹ میں 40 لاکھ امریکی ڈالر منتقل کئے تھے جو کہ ٹیکس سے بچنے کے لئے منتقل کئے گئے جبکہ انہوں نے ایف بی آر کو بھی پیسے واپس لانے سے روک دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام سیاستدانوں کو اپنے اثاثے اور بیرون ملک موجود جائیداد ظاہر کرنی چاہیئے اور وزیراعظم نواز شریف اور آصف زرداری سے اس کا آغاز ہونا چاہیئے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پی ٹی آئی اقتدار میں آنے کے بعد تمام پاکستانیوں کے اندرون اور بیرون ملک اثاثے ظاہر کر کے دکھائے گی اور صرف لوٹی گئی رقم واپس نہیں لائے گی بلکہ ملک میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع فراہم کئے جائیں گے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی ملک میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔