لاہور; پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے پاکستان تحریک انصاف میں مشاورت تو جاری ہے لیکن تاحال پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے
کوئی حتمی نام سامنے نہیں آ سکا۔ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے ایک نوجوان لا رہا ہوں، نوجوان کلین ہو گا اور اس پر کسی قسم کا کوئی سوالیہ نشان نہیں ہو گا۔آپ اس نوجوان کو سپورٹ کریں، کیونکہ میں پنجاب کے لیے تجربہ کار اور نوجوان کابینہ کے کر آ رہا ہوں۔عمران خان کے اس بیان کے بعد اس حوالے سے سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں ۔ تاہم میڈیا رپورٹ کے مطابق پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے پاکستان تحریک انصاد میں سردار حسنین بہادر دریشک اور راجہ یاسر ہمایوں کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے ۔حسنین بہادر دریشک جنوبی پنجاب کے سینئر سیاستدان سردار نصر اﷲ خان دریشک کے صاحبزادے ہیں اور وہ عام انتخابات 2018ء میں پی پی 294 راجن پور سے کامیاب ہوئے ۔ وہ مسلم لیگ ق کے دور حکومت میں وزیر خزانہ پنجاب رہ چکے ہیں۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کے اہم رہنماؤں نے حسنین بہادر دریشک کو وزیر اعلٰی پنجاب بنانے پر اتفا ق بھی کر لیا ہے جبکہ حتمی منظوری پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران
خان دیں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب سے وزیر اعلٰی تعینات کرنے پر نہ صرف جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے رہنما خوش ہوں گے بلکہ جنوبی پنجاب میں حکومت بھی مستحکم ہوگی اور وہاں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوسکیں گے ۔ ایک اور رپورٹ کے مطابق چکوال سے منتخب ہونے والے راجہ یاسر ہمایوں کو بھی پنجاب کی وزارت اعلیٰ سونپے جانے کا امکان ہے ۔
راجہ یاسر پاکستان تحریک انصاف کے نوجوان اور اعلٰی تعلیم یافتہ رہنما تصور کئے جاتے ہیں۔ذرائع کے مطابق میڈیا میں ان کا نام آنے کے بعد چکوال میں ان کے گھر کی سکیورٹی میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔ راجہ یاسر سے متعلق 2014ء کے دھرنے میں پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے تاریخی کلمات ادا کیے تھے اور کہا تھا کہ چکوال کا انتہائی عزت دار خاندان راجا یاسر کا ہے۔یہ لڑکا امریکا سے پڑھ کر آیا ہے اور یہاں آکر سکول چلا رہا ہے اور کالج چلا رہا ہے اور بہترین چلا رہا ہے۔عمران خان نے کہا کہ اس نوجوان نے اپنے علاقے میں فلاحی کاموں کا آغاز کیا اور ایک ڈسپنسری کھولی ہے جہاں غریبوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی میں ان دونوں اُمیدواروں کو ہی فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے البتہ حتمی نام کا فیصلہ پارٹی چئیرمین عمران خان ہی کریں گے۔ پاکستان تحریک انصاف نے گذشتہ روز خیبرپختونخواہ کی وزارت اعلیٰ کے لیے محمود خان کو نامزد کیا تھا، پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے بھی آج ہی حتمی اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔ جبکہ دونوں رہنماء اس فیصلے سے خوش دکھائی دے رہے ہیں۔