اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے اپنی جماعت کے انتخابات میں بے ضابطگیوں کی تحیقات کرنے والے ٹریبونل کی تحلیل کا حتمی نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
22 مارچ 2015 کو عمران خان کی سربراہی میں تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی انتخابات میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کرنے والے ٹریبونل کی تحلیل کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم اس کا نوٹی فکیشن اب جاری کیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ٹریبونل کا کام 17 اکتوبر 2014 کو فیصلہ سناتے ہی ختم ہوگیا تھا البتہ اس کے باوجود اس ٹریبونل کی جانب سے جتنے نوٹس جاری کیے گئے پارٹی ان کا جواب دیتی رہی تاہم اب اسے باضابطہ طور پر ختم کردیا ہے جس کا اطلاق گزشتہ ماہ سے ہوگا۔
واضح رہے کہ 2 رکنی ٹریبونل کی سربراہی جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین صدیقی کر رہے تھے اور ٹریبونل نے عمران خان اور جہانگیر ترین کو طلب کیا تھا تاہم دونوں ہی پیش نہیں ہوئے تھے۔