نیویارک: ٹریور نوا نوبی افریقہ کے معروف کامیڈین ہیں جوامریکہ میں ایک مزاحیہ شو کی میزبانی بھی کرتے ہیں اور اس کے ذریعے عالمی سیاست اور اس میں پائی جانے والی منافقت کو منظرعام پر لانے سے نہیں چوکتے۔ اب انہوں نے پروگرام کی نئی قسط میں پاکستان کے نامزد وزیراعظم عمران خان کا امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ سے ایسا موازنہ کیا ہے کہ سن کر آپ کے لیے ہنسی روکنا مشکل ہو جائے گا۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق ٹریورنوا کہتے ہیں کہ ”ڈونلڈٹرمپ کی طرح عمران خان بھی امیر گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں، جب ٹرمپ پیزا کے شتہار میں کام کر رہے تھے تب عمران خان پیپسی کے ایڈ میں نظر آ رہے تھے۔ دونوں کا ماضی ایک سا رنگین ہے۔ دونوں نے ہی تین تین شادیاں کر رکھی ہیں، دونوں ہی پرائیویٹ جہازوں میں سفر کرتے ہیں۔“
ٹریور نوا مزید کہتے ہیں کہ ”دونوں نے ہی وطن اور قوم پرستی کی بنیاد پر لوگوں کو اپنی طرف راغب کیا اور ووٹ لے کر اقتدار تک پہنچے۔ امریکی میڈیا ڈونلڈٹرمپ کا جس طرح کا تشخص پیش کرتا ہے، عمران خان کا اسی طرح کا تشخص پاکستانی میڈیا پیش کرتا ہے، ڈونلڈٹرمپ جس طرح بعض امریکی ٹی وی چینلز سے مخاصمت رکھتے ہیں، اسی طرح عمران خان بعض پاکستانی ٹی وی چینلز سے مخاصمت رکھتے ہیں۔ ڈونلڈٹرمپ کی طرح عمران خان بھی جونہی اقتدار کے قریب پہنچے ان کے خلاف بھی جنسی ہراسگی کے الزامات منظرعام پر آنے لگے۔“ ٹریور نے پروگرام میں ٹرمپ اور عمران خان کے کچھ انٹرویوز اور تقاریر کے کلپ بھی چلائے جس میں حیران کن طور پر دونوں ایک ہی طرح کے الفاظ میں ایک ہی طرح کے خیالات کا اظہار کر رہے ہوتے ہیں۔ پروگرام کے آخر میں ٹریور نے کہا کہ ”میں نہیں جانتا کہ وزیراعظم عمران خان واقعی صدر ٹرمپ بن کر سامنے آئیں گے یا نہیں، میں تو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اگر آپ ڈونلڈٹرمپ سے بچنے کے لیے بھاگ کر پاکستان جانا چاہتے ہیں تو پھر اب آپ کو پاکستان کی بجائے کسی اور ملک کا انتخاب کرنا چاہیے۔“