پیرس (خصوصی نمائندہ) پاکستان تحریک انصاف فرانس کے جنرل سیکرٹری اصغر برہان نے سوشل میڈیا پر عاطف میاں کی بطور مشیر تعیناتی کے ایشو کو اچھالنے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذہبی اقلیتیں پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر یں گی ، وزیراعظم عمران خان ہر پاکستانی سے ملکی ترقی کیلئے مشقت لینا بہت اچھی طرح جانتے ہیں۔ انشااللہ تمام خدشات غلط ثابت ہونگے اور وزیراعظم کا ویژن درست سمت میں ہے لہذا ہر پاکستانی کو مذہبی تعصب سے بالاتر ہوکر کام کرنا پڑیگا۔ مذہبی اقلیتیں پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قومی تعمیر میں مذہبی اقلیتوں کی خدمات کو اجاگر اور اس کا اعتراف کرنا چاہیے نہ کہ ان سے جینے کا حق چھین لیا جائے اب وقت آگیا ہے کہ مذہبی تعصب کو ہمیشہ ہمیشہ کیلئے فراموش کر کے مذہبی آزادی کے ساتھ ساتھ مساوی حقوق ادا کیے جائیں تاکہ ایسے ہنرمند اپنے وطن پاکستان کو چھوڑ کر نہ جائیں بلکہ اس کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔
حکومت پاکستان بابائے قوم محمد علی جناح کے ویژن کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرنے اور اقلیتوں کو ان کے حقوق دینے کیلئے پر عزم ہے۔ انھوں نے کہا کہ 25 جولائی کے کامیاب انتخابات کے بعد ایک نئی قیادت سامنے آئی ہے۔ پاکستان کی 60 فیصد آبادی کی عمر 30سال سے کم ہے، پاکستان میں مذہبی برداشت کا جذبہ فروغ پذیر ہے۔
پاکستان ایک عظیم ملک ہے اور اس کو ایسا ہونا چاہیے کہ تمام مذاہب کے لوگ مذہبی حقوق کے سلسلے میں پاکستان کی مثال دیں۔ اقلیتوں کو ہمیشہ اپنے مادر وطن سے بھرپور محبت ہے۔