اسلام آباد : تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے اسمبلیوں میں واپس جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ایجنڈے کے ساتھ اسمبلی میں جائیں گے اور بہتر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی بلا وجہ اسمبلیوں سے باہر گئی اور نہ واپس آئی، جب ہمیں انصاف نہیں ملا تو ہم نے عوام کے ووٹوں کے تقدس کے لیے قانون میں رہتے ہوئے پر امن احتجاج کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ایجنڈے کے ساتھ اسمبلی میں جائیں گے اور بہتر اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے جب کہ عمران خان پیر کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوں گے تاہم وہ اسمبلی کے باہر رہ کر بھی اپوزیشن کا کردار ادا کرسکتے ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ حکومت اسمبلی میں جمہوری قدروں کا مظاہرہ کرے گی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا رویہ سمجھنے کی کوشش کررہے ہیں اور بھارت کو خط بھیج کر کہا جارہا ہے کہ غلطی ہوگئی جب کہ الطاف حسین کے اپنے ساتھی ان کے بیان پر حیران ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کی جائے۔