اسلام آباد (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ق) سے پی ٹی آئی کے اختلافات کی مبینہ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد عمران کو معاملہ حل کرانے کیلئے مداخلت کرنا پڑی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے فوری طور پر لاہور میں گورنر پنجاب چودھری سرور اور جہانگیر ترین سے ملاقات کی اور معاملہ حل کرنے کی ہدایت کی۔
یہ ایشو سینٹ کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے بھی اہمیت اختیار کر گیا کیونکہ پی ٹی آئی اور اتحادیوں کے درمیان اختلافات کے باعث حکمران جماعت مذکورہ نشستیں ہار سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین اب بھی پردے کے پیچھے پارٹی کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے اہم اتحادی ہونے کی وجہ سے پرویز الہی پنجاب میں گورننس کیلئے کردار چاہتے ہیں اور گورنر کی طرف سے کسی بھی قسم کی مداخلت ان کو قابل قبول نہیں۔ علیم خان بھی گورنر کی مبینہ مداخلت کے حوالے سے تحفظات رکھتے تھے۔ عمران خان کی ملاقات کے بعد ہی گورنر سرور نے وزیراعلی کے حق میں بیان جاری کیا تھا۔ عمران خان نے پارٹی قیادت کو اتحاد مضبوط بنانے کیلئے ٹاسک دیا ہے۔ اختلافات کی صورت میں اپوزیشن فائدہ اٹھا سکتی ہے۔