فیصل آباد : عابد شیر علی کا فیصل آباد میں چلڈرن ہسپتال کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان جھوٹ کی پیداوار ہیں۔ انہوں نے دو سال میں ریکارڈ جھوٹ بولے جس پر انہیں نااہل ہونا چاہیے۔
پہلے عمران خان 35 پنکچروں کا رونا روتے رہے اور اب اس پر بھی معافی مانگ لی ہے۔ عابد شیر علی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آر اوز اور الیکشن کمشن پر بھی الزام لگائے لیکن جوڈیشل کمیشن میں کوئی بھِی ثبوت پیش نہ کر سکے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت بلدیاتی انتخابات میں بھی کلین سویپ کرے گی۔ ایک سوال کے جواب نے ان کا کہنا تھا کہ حکومت دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے جبکہ کراچی میں 90 فیصد ٹارگٹ کلنگ پر قابو پا لیا ہے۔
الطاف حسین کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ برطانوی شہری ہیں اور ان کے خلاف مقدمات وہاں کی عدالتوں میں چل رہے ہیں جس پر حکومت پاکستان برطانوی حکومت کو مکمل تعاون کرے گی۔