اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی پانچ نشستوں سے کامیاب ہوئے تھے تاہم اب انہوں نے ان میں سے میانوالی کی نشست رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان لاہور ، میانوالی ، کراچی ، بنوں اور اسلام آباد کی نشستوں سے کامیاب ہوئے تھے لیکن اب انہوں نے اپنی آبائی سیٹ میانوالی رکھنے کا فیصلہ کیاہے جبکہ وہ باقی چار نشستیں چھوڑ دیں گے ۔نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق عمران خان کا کہناتھا کہ میں نے میانوالی کے لوگوں سے وعدہ کیا ہے اس لیے یہی سیٹ رکھوں گا جبکہ عمران خان کو لاہور کی سیٹ رکھنے کا بھی مشورہ دیا گیا لیکن انہوں نے تجویز مسترد کردی۔
دوسری جانب عمران خان کی جانب سے میانوالی سیٹ رکھنے کے فیصلے کی تصدیق عمران خان کے بھانجے حسان نیازی نے ٹویٹر پر کر دی ہے ۔ اپنے پیغام میں حسان نیاز ی کا کہناتھا کہ ” عمران خان نے اپنا وعدہ نبھا دیاہے اور انہوں نے میانوالی کی سیٹ رکھنے کا فیصلہ کیاہے ، این اے 131 میں دوبارہ الیکشن ہو گا اور ممکنہ طور پر دو سے تین ماہ میں انتخاب ہوگا۔