لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نگراں حکومت سے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ معقول لوڈ مینجمنٹ پلان مرتب کرے۔عمران خان نے ملک میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گرم موسم میں عوام کو بجلی کی عدم دستیابی ظلم ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ رمضان کے مہینے میں عبادات کو بھی مشکل بنا دیا گیا ہے، بجلی بحران کی ذمے داری ن لیگ کے وزرائے اعظم پرعائد ہوتی ہے۔عمران خان نے کہا کہ نواز شریف اور ن لیگی وزرا پانچ سال تک قوم سے جھوٹ بولتے رہے، عوام سے کہا گیا کہ ہزاروں میگا واٹ بجلی نظام میں شامل کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ بجلی کہاں گئی، آج وہ بجلی کہیں نہیں مل رہی، ہاں بجلی کی بجائے اربوں کے گردشی قرضے ضرور جمع ہوگئے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے بجلی کے جتنے منصوبے شروع کیے ان کی جانچ پڑتال بہت ضروری ہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ ان میں حقیقت کتنی ہے۔پی ٹی آئی کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت ملک میں بجلی کے بحران کا مؤثر اور مستقل حل پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ ن لیگی حکومت میں ملک بھر میں شدید گرمی کے موسم میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کا جینا دوبھر کیے رکھا، تاہم ن لیگی رہنما اب یہ کہہ رہے ہیں کہ ان کے دور میں لوڈ شیڈنگ ختم کردی گئی تھی، اب اگر لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے تو اس کی ذمے دار نگراں حکومت ہے۔