ملتان : سینیئر سیاست دان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ انہیں جوڈیشل کمیشن سے اسی فیصلے کی توقع تھی لیکن عمران خان کسی کے کہنے پرپورے نظام کو اڑانا چاہتے تھے۔
ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ وہ جب تحریک انصاف میں تھے تو اس وقت بھی کہا تھا کہ انتخابات میں دھاندلی نہیں ہوئی، جوڈیشل کمیشن پر تمام سیاسی جماعتیں متفق تھیں، اس کا جو فیصلہ آیا ہمیں اسی فیصلے کی توقع تھی،عمران خان کسی کے کہنے پرپورے نظام کواڑانا چاہتے تھے، انہیں کچھ لوگ استعمال کرکے سائیڈ پرہوگئے۔
وہ عمران خان سے کہتے تھے کہ وہ جن کی مدد لے رہے ہیں وہ انہیں استعمال کرکے پھینک دیں گے اوروہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ انہوں نے عمران خان سے کہہ دیا تھا کہ وہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو برباد کررہے ہیں، اب عمران خان سمجھ گئے ہوں گے جن لوگوں کی باتیں وہ مان رہے تھے ان کا اپنا کوئی مستقبل نہیں، شیخ رشید بھی اپنے لئے نیا آدمی پھانس لیں گے اوران کے کانوں میں سرگوشیاں کریں گے۔
جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے بعد پاکستان کی تاریخ مختلف ہوگی، اس سے ہر ووٹر کو یقین ہوگیا کہ اس کا ووٹ طاقت رکھتا ہے۔ تحریک انصاف کوبنایا بھی عمران خان نے اورختم بھی وہی کرسکتے ہیں، اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے کوئی قیادت نہيں آسکتی، مارشل لاء کا باب بھی بند ہوگیا۔ دھرنوں کے دوران جنرل راحیل شریف کا کردارمثبت اورشفاف رہا جس کی وجہ سے ملک ميں مارشل لاء بھی نہیں آیا اورجمہوریت بھی ختم نہیں ہوئی۔