اسلام آباد (یس ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان کےٹائیگرز عوام کے لئے بھیڑیئے ہیں جنہوں نے آج لاہور میں مزید 4 افراد کی جان لے لی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے تحریک انصاف کو احتجاج کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا گیا لیکن عمران خان کے کارکنوں نے ایمبولینسوں کو اسپتالوں تک جانے نہیں دیا جس کی وجہ سے 4 افراد ان کی سیاست کی نذر ہو گئے، ایمبولینسوں کا راستہ روک کرعمران خان نے ایک مرتبہ پھراپنے وعدے کی خلاف ورزی کی جب کہ حالت جنگ میں بھی ایمبولینسوں کو نہیں روکا جاتا لیکن لاہور میں یہ سب کچھ دیکھا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے 2013 کے انتخابات میں اپنا فیصلہ سنا دیا تھا، فیصل آباد میں جو کچھ ہوا اس کا ذمہ دار ہمیں ٹھہرا گیا لیکن آج لاہور میں جو کچھ ہوا یہ کیسے ہو گیا، لاہور میں ہماری جماعت کا کوئی کارکن باہر نہیں آیا تو پھر بھی لوگ کیسے ہلاک ہو گئے۔
وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن اسپتالوں میں مریضوں کو جانے نہیں دیتے، وکلا کو عدالتوں میں پیش ہونے نہیں دیتے، اسکولوں اور بازاروں کو زبردستی بن کرادیتے ہیں، کیا یہ ہے نیا پاکستان جو عمران خان نئی نسل کو دینا چاہتے ہیں جب کہ لاہور میں آج تحریک انصاف اور شہریوں کے درمیان کھیل کھیلا گیا جسے پوری دنیا نے دیکھا، لاہور میں آج سب سے مقبول نعرہ ’’گو عمران گو‘‘ لگایا جارہا تھا اور اسے لگانے والے ہمارے کارکن نہیں بلکہ عوام تھے جنہوں نے عمران خان کے خلاف اپنا فیصلہ سنا دیا۔