لاہور (ویب ڈیسک ) انگلینڈ کے سابق کپتان اور مشہور مبصر مائیکل ایتھرٹن کا کہنا ہے کہ میں چھ سال پہلے اسلام آباد آیا تھا اور عمران خان کا انٹر ویو کیا تھا عمران خان نے اسی وقت بتادیا تھا کہ میں ایک دن جیت جاوں گا۔یہ طویل نشست تقریباََ ڈیڑھ گھنٹہ جاری رہی اور انھوں نے مجھ سے آخری الفاظ یہ کہے تھے ’’ایک دن میں جیت جاؤں گا‘‘ اور وہ واقعی جیت گئے۔ پی سی بی کو دیئے گئے انٹڑ ویو میں 52 سالہ ایتھرٹن نے کہا کہ ہم نے ان کے سیاسی نظریات پر بات کی اور وزیر اعظم بننے سے متعلق ان کے بہت سارے خواب اور امیدوں پر تبادلہ خیال ہوا،انہوں نے کہا کہ دراصل میں 2000ء کے دورہ پاکستان کے بعد یہاں واپس نہیں آیا ،اس کے بعد میں 15-2014ء میں عمران خان کے وزیر اعظم بننے سے قبل ان پر ایک دستاویزی فلم کے لئے پاکستان آیا تھا ۔ ہم اسلام آباد گئے اور خیبرپختونخواہ کو جانے والی سڑک پر کچھ وقت ان کے ساتھ گزارا اورپھر شمالی علاقہ جات اور کشمیر بھی گئے، اس کے بعد ہم نے ان کے گھر میں ایک طویل نشست کی جہاں میں نے ان کا انٹرویو بھی کیا۔ایتھرٹن نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد سے کمنٹری کا حصہ ہوں، لہٰذا میں جتنا عرصہ کھیلا تقریباََ اتنی ہی دیر سے یہ کام کررہا ہوں۔میں نے انگلینڈ میں جن لوگوں کے ساتھ کام کیاا س پر میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں ، اور ہم یہ کام جاری بھی رکھیں گے، ہم بہترین وسائل کے ساتھ کھیل کی شاندار کوریج کرتے ہیں، اس کے علاوہ یہ ہمیں پاکستان جیسے مقامات پر جانے کی اجازت دیتے ہیں جہاں ہم عمران خان اور کرکٹ کی بحالی جیسی دستاویزی فلمیں تیار کرتے ہیں۔