اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان کا آج قوم سے خطاب متوقع ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب میں حکومت کی ایک ماہ کی کارکردگی پر بات کریں گے۔ خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان اہم اعلانات بھی کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم
سے خطاب سے قبل کابینہ کا اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے۔اجلاس شام 4 بجے وزیراعظم آفس میں ہو گا۔ یاد رہےکہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم عمران خان کا قوم سے یہ تیسرا خطاب ہو گا۔وزیراعظم عمران خان نے وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالتے ہی قوم سے پہلا خطاب 19 اگست 2018ء کو کیا جس میں انہوں نے اپنی حکومت کی حکمت عملی پر روشنی ڈالی اور عوام کو یقین دلایا کہ ان کے ٹیکس کے پیسے کی حفاظت کی جائے گی لہٰذا ٹیکس ضرور دیں۔اس خطاب میں عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس میں رہائش اختیار نہ کرنے اور اخراجات کم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے دوسرا خطاب 7 ستمبر 2018ء کو کیا۔ قوم سے دوسرے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ پانی بحران کا ہے، پاکستانی کے پاس فی کس ایک ہزار کیوبک میٹر رہ گیا ہے،،چیف جسٹس اور وزیراعظم فنڈ کواکٹھا کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی و بیرون ملک پاکستانی ڈیمز فنڈ میں پیسہ جمع کروانا شروع کردیں۔ اوورسیز پاکستانی کم ازکم ایک ہزارڈالر بھیجیں، میں قوم کو یقین دلاتا ہوں پیسے کی حفاظت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ میں سب سے اپیل کررہا ہوں۔ اوورسیز پاکستانیز کسی بھی ملک میں ہیں وہ جتنا پیسہ بھیج سکیں پاکستان بھیجیں۔ بیرون ملک تقریباً 80 سے 90 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں۔
یورپ،، امریکا اور انگلینڈ میں جوپاکستانی ہیں وہ کم ازکم ایک ہزار ڈالر یا اس سے زیادہ پیسے بھیجیں ۔ جبکہ سعودی عرب ، یواے ای میں جولوگ ہیں وہ بھی پیسے بھیجیں۔ اوورسیزپاکستانی کردارا ادا کریں تو 5 سال میں ڈیم بن سکتا ہے۔ عمران خان کےقوم سے کیے جانے والے دوسرے خطاب میں انہوں نے ڈیم فنڈز پر زور دیا تاہم آج کے خطاب میں بھی وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اہم اعلانات متوقع ہیں۔ وزیراعظم عمران خان قوم سے اپنے تیسرے خطاب میں حکومت کی ایک ماہ کی کارکردگی سے متعلق بات کریں گے اور آئندہ حکمت عملی پر قوم سے اعتماد میں لیں گے۔