لاہور(نیوز ڈیسک ) وفاقی وزیر اسد عمر کو دوبارہ وزیرخزانہ بنانے کا امکان ہے، مشیر خزانہ حفیظ شیخ بعض حکومتی پالیسیوں سے نالاں ہیں، اور واپس جانے پر غور کر رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمرکو دوبارہ وزارت خزانہ کا قلمدان سونپے جانے کی اطلاعات ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ مشیر خزانہ عبدالحفیظ
شیخ بعض اقتصادی معاملات پر وزیراعظم سے ناخوش ہیں، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی طرح وہ بھی واپس چلے جائیں گے۔لیکن شبر زیدی کے بارے میں یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ان کی طبیعت ناساز ہے جس کے باعث فی الحال ذمہ داری ادا نہیں کرسکتے۔
ان کی جگہ نوشین امجد کو قائمقام چیئرمین ایف بی آر تعینات کردیا گیا ہے۔جبکہ نئے چیئرمین کیلئے وزیراعظم کونام بھی بھجوا دیے گئے ہیں۔ اسی طرح اب مشیر خزانہ حفیظ شیخ سے متعلق بھی کہا جا رہا ہے کہ وہ وزیراعظم سے ناخوش ہیں اور جلد واپس چلے جائیں گے۔مشیر خزانہ حفیظ شیخ کے جانے کے بعد وزارت خزانہ کا قلمدان دوبارہ پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء اسد عمر کو سونپے جانے کا امکان ہے ۔ جب تحریک انصاف حکومت میں آئی اور وزیراعظم نے کابینہ بنائی تو اسد عمر کو وزیرخزانہ بنایا گیا تھا۔ لیکن آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پیکج ، روپے کے مقابلے میں ڈالر مہنگا ہونے اور مہنگائی کو قابو کرنے میں ناکام رہے۔ جس پر اسدعمر نے وزارت خزانہ سے استعفیٰ دے دیا تھا، تاہم اب اسد عمربطور وفاقی وزیر منصوبہ بندی ذمہ داری ادا کررہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بعض تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وزیراعظم اتنے نااہل ہیں کہ ان کے ساتھ کام کرنے کوکوئی بھی راضی نہیں ہے۔