لاہور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے آئندہ عام انتخابات میں ملک کے 5 حلقوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کر لیا۔ وہ پنجاب کے تین، سندھ اور خیبر پختونخوا کے ایک ایک حلقے سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔
پارٹی کی طرف سے بلوچستان سے بھی الیکشن لڑنے کا دباؤ بڑھ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان پنجاب میں لاہور، میانوالی اور راولپنڈی کے حلقوں سے حصہ لیں گے جبکہ سندھ میں کراچی اور کے پی کے میں پشاور سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔ عمران خان چونکہ بلوچستان کے سوا تمام صوبوں سے الیکشن لڑرہے ہیں جس کے باعث تحریک انصاف کے دوسرے رہنماؤں نے عمران خان پر زور دیا ہے کہ وہ بلوچستان سے بھی الیکشن لڑیں تاکہ توازن پیدا ہو سکے تاہم عمران خان نے بلوچستان سے الیکشن لڑنے کیلئے مزید سوچنے کیلئے وقت مانگا ہے۔