اسلام آباد (ویب ڈیسک) ورلڈمیمن آرگنائزیشن کے وفد نے وزیراعظم عمران خان کو 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں تعاون کی پیشکش کردی، وزیراعظم نے میمن برادری کی ملکی تعمیر و ترقی میں خدمات کی تعریف کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ورلڈمیمن آرگنائزیشن کے وفد کی ملاقات ہوئی ،
وفد کی قیادت سی ای اواورصدراےآر وائی نیٹ ورک سلمان اقبال نے کی ، چیئرمین اے آر وائی گروپ حاجی جان محمد اور ڈبلیو ایم او کے صدرسلیمان نور بھی شامل تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے سلمان اقبال کی قیادت میں آئے وفد کا پر تپاک استقبال کیا جبکہ وفد کی جانب سے عمران خان کو وزیراعظم کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی گئی۔ وفد نے یکم نومبر کو کراچی میں ہونے والے ورلڈ میمن کنونشن کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا آپ کی قیادت پاکستان اور مسلم امہ کے لیے امید کی کرن ہے۔ وزیراعظم نے میمن برادری کی جانب سے ملکی ترقی میں کی گئی کاوشوں کو سراہا۔ وفد کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں میمن برادری آپ کے وژن کوعملی جامہ پہنانے میں کردارچاہتی ہے، میمن برادری صحت، تعلیم اور سوشل سروسز میں خدمات کیلئے تعاون چاہتی ہے۔ ورلڈمیمن آرگنائزیشن کے وفد نے وزیراعظم کو50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے میں بھی تعاون کی پیشکش کی اور کہا میمن کمیونٹی آئی ٹی شعبے میں انکیوبیشن سینٹرز کے قیام کا پلان پیش کرے۔ وزیر اعظم عمران خان نے میمن برادری کی ملکی تعمیر و ترقی میں خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا میمن برادری نےمیڈیا،بینکنگ، بزنس شعبےمیں نمایاں کامیابیاں سمیٹیں،
توانائی ، زراعت، خوراک کےشعبوں میں سرمایہ کاری قابل تعریف ہے۔ وفد نے وزیراعظم کو ملک میں تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ملک بھرمیں اسکول،کالجزاورصحت کےشعبےمیں خدمات انجام دینے کا موقع دیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میمن برادری ملک کے تمام بڑےشعبوں میں بہترکارکردگی دکھارہی ہے، تعلیم صحت سمیت دیگرشعبوں میں میمن برادری کو مواقع فراہم کریں گے، ترقی، سوشل سروسز کیلئے میمن کمیونٹی کے تجربے سے استفادہ کریں گے۔ عمران خان نے مزید کہا حکومت بے سہارا اور نادار افراد کیلئے منصوبوں پر غور کر رہی ہے ، حکومتی زمین پرمسافروں کے لیے شیلٹر بنانے کا منصوبہ ہے، ایسے منصوبے کا آغاز کراچی سے بھی کیا جاسکتا ہے۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ہاؤسنگ ٹاسک فورس کا اجلاس آج طلب کر لیا، اجلاس میں عمران خان کو پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم 100 دن میں منصوبے کا فریم ورک مکمل کرنا چاہتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ہاؤسنگ ٹاسک فورس کا اجلاس آج شام طلب کر لیا، اجلاس میں ہاؤسنگ، خزانہ،منصوبہ بندی کے وزرا شریک ہوں گے جبکہ ٹاسک فورس میں شامل چاروں صوبوں کے نمائندوں کو بلا لیا گیا ہے۔پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان کو بھی اجلاس میں طلب کیا گیا ہے۔ہاؤسنگ ٹاسک فورس اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو پیشرفت سے آگاہ کیا جائے گا، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم100دن میں منصوبے کا فریم ورک مکمل کرناچاہتے ہیں۔خیال رہے 50لاکھ گھروں کی تعمیر حکومت کا سب سے اہم منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے اور وزیراعظم عمران خان نے منصوبے کی نگرانی خود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔