اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے نومنتخب وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب کے باعث غیرملکی دورہ ملتوی کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین 16 سے 19 تاریخ تک ایڈنبرا جارہے تھے، صدر مملکت ممنون حسین اب نو منتخب وزیراعظم کی حلف برداری کے بعد غیرملکی دورہ کرینگے۔ اس سے پہلے یہ امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ صدر مملکت ممنون حسین کی بیرون ملک مصروفیات کے باعث قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نومنتخب وزیراعظم سے حلف لیں گے، تاہم تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق کی درخواست قبول کرتے ہوئے صدر مملکت نے 15 اگست کو روانہ ہونے کے بعد 19 اگست کو شیڈول کے مطابق واپس آنا تھا۔
واضح رہے کہ صدر کی جانب سے سمری منظور ہونے کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کیا گیا ہے، جہاں نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے، بعد ازاں حروف تہجی کے لحاظ سے ان کے نام پکارے جائیں گے، تاکہ وہ رول آف نمبرز پر دستخط کریں۔ اجلاس طلب کرنے کی سمری الیکشن کمیشن پاکستان کی جانب سے بھیجی گئی تھی۔ اسی روز اسپیکر اور ڈپٹی اسپیر کیلئے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے اور 13 اگست کو ہی دونوں عہدوں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ واضح رہے کہ الیکشن 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد اکثریتی جماعت بن کر ابھری ہے، سابق حکمراں جماعت کا دوسرا اور پاکستان پیپلزپارٹی کا تیسرا نمبر ہے۔