اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک مشکل صورتحال سے گزررہا ہے، انشاء اللہ 6 ماہ میں واضح بہتری نظر آئے گی۔وزیراعظم ہاؤس میں خیبر پختونخوا کے ارکان اسمبلی سے گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وزراء اپنی کارکردگی کے بارے میں جوابدہ ہیں، پی ٹی آئی حکومت وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لینے کی روایت کی بنیاد رکھے گی۔عمران خان نے واضح کیا کہ وزراء کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا، ملک میں وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لینے کی روایت موجود نہیں لیکن پی ٹی آئی اس کی بنیاد رکھے گی۔ملاقات کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر مملکت علی محمد خان اور معاون خصوصی نعیم الحق بھی موجود تھے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ احتساب سے خائف عناصر شور و غل کر رہے ہیں لیکن حکومت اس سے قطع نظرعوام سے کیے وعدوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے لیکن انشاء اللہ 6 ماہ میں واضح بہتری دیکھنے میں ملے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ امن و امان کا قیام اور قانون کی حکمرانی حکومت کی اولین ترجیح ہے، تحریک انصاف نے مشکل حالات میں حکومت سنبھالی، اولین ترجیح تھی کہ دوست ممالک کی مدد سے معیشت کو سہارا دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ گھروں کے منصوبہ سے جہاں لوگوں کو گھر کی سہولت ملے گی وہیں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔