کراچی: وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں غیر جمہوری عناصر کا ٹولہ ہے، عمران خان کا واحد مقصد اقتدار حاصل کرنا ہے۔
گزشتہ روز پی این ایس سی بلڈنگ میں واقع کمیپ آفس میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر حاصل بزنجو نے کہا کہ نواز شریف کی وجہ سے ملک کی معیشت مضبوط ہورہی ہے جس کی واضح مثال غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہے، ملک میں مڈٹرم انتخابات کا کوئی امکان نہیں انتخابات مقررہ وقت 2018 میں ہونگے، تمام جماعتوں نے انتخابات کی تیاری شروع کردی ہے اور اپنی سیاسی قوت کا مظاہرہ بھی کررہی ہے، اس وقت جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں۔ میر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ ملک کے اندر یا بیرون ملک سے کی جانیوالی سازش بھی کامیاب نہیں ہوگی، ہمیشہ غیر جمہوری قوتوں نے منتخب حکومتوں کا خاتمہ کر کے ملک پر تلوار لٹکائی ہے، کرپشن کا الزام لگا کر محمد خان جونیجو سے لیکر بے نظیر بھٹو اور میاں نواز شریف کی 2،2 حکومتیں کر پشن کا الزام لگا کر ختم کی گئی،اس ملک کے جو مسائل ہے ان میں بڑا مسئلہ دہشت گردی ہے۔ اس کے علاوہ خارجہ پالیسی اور فرقہ واریت بھی ملک کا مسئلہ ہیں۔