قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وزارت عظمیٰ کے لئے شیخ رشید کا نام دینے پر عمران خان نے جلد بازی کی تاہم عمران خان کے بیانات سے اپوزیشن اتحاد خطرے میں پڑسکتا ہے۔
چیرمین تحریک انصاف عمران خان کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہر انسان کا اپنا ظرف ہوتا ہے، عمران خان سوچتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) سے اکیلے مقابلہ کر سکتے ہیں تو انھیں سوچ تبدیل کرنی ہوگی۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اگرعمران خان ایسی باتیں کرناشروع کرینگے تو بہت سی خطرناک باتیں نکلیں گی، تحریک انصاف کو چاہیے کہ عمران کو سمجھائیں کہ سیاست کیا ہوتی ہے، عمران خان کے بیانات سے اپوزیشن اتحاد خطرے میں پڑ سکتا ہے۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ وزارت عظمیٰ کے لئے متحدہ اپوزیشن اپنے امیدوار کا اعلان ابھی نہیں کیا، شاہ محمود قریشی سے طے ہوا تھا کہ مل کر فیصلہ کریں گے لیکن عمران خان نے شیخ رشید کو نامزد کر کے جلد بازی کی۔ شیخ رشید نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے اجلاس کے دوران قائد ایوان کے لئے امیدوار کا اعلان کریں گے، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ اپوزیشن کا اتحاد قائم رہے۔ قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ عمران خان جس کو کامیابی سمجھ رہے ہیں اس میں 70 فیصد پیپلز پارٹی کا ہاتھ ہے اور اگر عدالت میں جانے کا ہی کریڈٹ دینا ہے تو سراج الحق کو دیں جو سب سے پہلے عدالت گئے۔