وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پیپلز پارٹی میں ضم ہونے جارہی ہے،عمران خان اپنی پارٹی کا سرپرست اعلیٰ آصف زرداری کو بنائیں گے۔
سیالکوٹ میں جیونیوز سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ سیاست کا سارا کوڑاکرکٹ عمران خان پی ٹی آئی میں سمیٹ کر لے جا رہے ہیں۔
وزیردفاع نے کہا کہ عمران خان کو اب گجرات یاترا کرکے چوہدری شجاعت اور پرویزالٰہی کو بھی اپنی پارٹی میں شامل کرلینا چاہیے، یہ سب کٹی پتنگوں کی طرح کرپشن کی پناہ گاہ میں اکٹھے ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سب ایک جگہ اکٹھے ہوجانے چاہئیں تاکہ عوام کیلئے ان کو ٹارگٹ کرنا آسان ہو جائے۔
خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی سپریم کورٹ کے حکم سے بنی ہے اس سے تعاون کر رہے ہیں، سپریم کورٹ کے احترام میں ایک خاندان کی تین نسلیں جے آئی ٹی میں پیش ہو رہی ہیں۔