بنی گالا: (یس ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے رواں برس فریضہ حج ادا کرنے کا ارادہ ملتوی کردیا ہے۔
یس نیوز کے مطابق عمران خان نے رواں برس فریضہ حج ادا کرنے کا ارادہ کیا تھا تاہم ان کے رفقا کی جانب سے انہیں مشورہ دیا گیا تھا کہ حکومت کے خلاف جاری احتساب تحریک کے دوران ان کا ملک سے باہر جانا ٹھیک نہیں، جس پر انہوں نے فریضہ حج کی ادائیگی آئندہ برس کے لئے ملتوی کردی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے کہا کہ عمران خان کا رواں سال حج پر جانے کا پروگرام حتمی نہیں تھا، تحریک کی وجہ سے حج کا پروگرام ملتوی کرنے کی خبروں میں صداقت نہیں، وہ آیندہ سال حج کی سعادت کا ارادہ رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے عمران خان سے ان کی دوسری شادی کے بعد ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے تہیہ کیا تھا کہ وہ رواں برس مولانا طارق جمیل کے ہمراہ فریضہ حج ادا کریں گے۔