کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیوں کے دوران مفرور اورگینگ وار کمانڈر سمیت 5ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کے 4اہلکاروں کو بدعنوانی میں ملوث ہونے پر معطل کردیا گیا، جبکہ نیٹی جیٹی پل پر ٹریفک حادثے میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی۔لیاری کے علاقے سینگولین میں پولیس نے جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی لی، اس دوران گینگ وار عزیر بلوچ گروپ کے کمانڈر شاہد وچھانی، مشتاق اور جمیل کو اسلحہ اور منشیات سمیت گرفتار کرلیا۔منشیات فروش خاتون میما، یارو، بہادر پی ایم ٹی اوریوسف پٹھان فرارہوگئے، گرفتار ملزمان بھتہ خوری اور منشیات فروشی سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہیں۔ناظم آباد پولیس نے بھی کارروائی کے دوران لاوڈ اسپیکر ایکٹ اور دیگر مقدمات میں مفرور ملزمان گل حسن اور منیر شاہ کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی گلبرگ بشیر بروہی نے بدعنوانی اور افسران کو رشوت دینے کے الزام ثابت ہونے پر تھانہ شارع نورجہاں اور ثمن آباد تھانے کے 4اہلکاروں کو معطل کردیا۔دوسری جانب نیٹی جیٹی پل پر نامعلوم گاڑی کی ٹکرسے موٹر سائیکل پر سوار خاتون جاں بحق جبکہ شخص زخمی ہوگیا، مرنے اور زخمی ہونے والوں کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔