اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے سربراہ پاک فوج جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور وفاقی وزرا بھی شریک ہیں۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں ایوان صدر میں الوادعی تقریب جاری ہے جس میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرمارشل سہیل امان، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکااللہ ، وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیربرائے دفاعی پیداوار رانا تنویر اور دیگر شریک ہیں۔
آرمی چیف نے صدر ممنون حسین سے ملاقات بھی کی جس میں ان کی کامیاب مدت ملازمت اور آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں ملنے والی کامیابیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف نے جرأت کے ساتھ دہشت گردی کے خلاف آپریشنز کئے، اگلےمورچوں پر ان کی فوجی اہل کاروں کے ساتھ موجودگی قابلتحسین ہے۔
صدرمملکت نےانسداد دہشت گردی، بدامنی کےخاتمے اور نیشنل ایکشن پلان کی حکمت عملی پر آرمی چیف کے کردار کو سراہا۔