لاہور: فنی خرابی کے باعث 100 سے زائد گرڈ اسٹیشنز بند ہونے سے لاہور سمیت کئی شہروں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہوگئی۔
ابھی پنجاب خیبرپختون خوا بریک ڈاؤن کی انکوائری مکمل بھی نہ ہوئی تھی کہ مین ٹرانسمیشن لائن میں خرابی پیدا ہوگئی۔ راوات میں 500 کے وی ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کے باعث راولپنڈی، اسلام آباد، جہلم سیمت دیگر شہروں میں بجلی بند ہوگئی، خرابی دو تین گھنٹے میں ابھی ٹھیک ہی ہوئی تھی کہ کالا شاہ کاکو میں این ٹی ڈی سی کے 220 کے وی گرڈ اسٹیشن میں ٹرپنگ آئی جس نے گیپکو، فیسکو اور میپکو کے سسٹم کو بھی متاثر کیا اور گدو ٹرانسمیشن لائن بھی ٹرپ کر گئی مگر پروٹیکشن سسٹم بروقت فعال ہونے سے باقی پاور پلانٹس بچ گئے۔
بجلی کے اس بڑے بریک ڈاؤن کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد کے علاوہ لاہور، گجرات، شیخوپورہ، فیصل آباد، جہلم، کالا شاہ کاکو، منڈی بہاوالدین، سرگودھا سمیت کئی چھوٹے بڑے شہر ، قصبے اور دیہات متاثر ہوئے ہیں۔ فنی خرابی کی وجہ سے بجلی کی طویل بندش نے زندگی مفلوج کردی اور روزہ داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے ترجمان کے مطابق راوی، شالامار اور غازی گرڈ اسٹیشنز کی 220 کے وی کی ٹرانسمیشن لائن میں فنی خرابی کے سبب لیسکو کے متعدد گرڈ اسٹیشنز کی سپلائی بند ہوگئی۔ لیسکو کا عملہ خرابی کو درست کرنے میں مصروف ہے اور بجلی کی بحالی کا کام جاری ہے۔ لیسکو کے تقریبا 60 فیصد گرڈز فعال کیے جا چکے ہیں اور 40 فیصد بند ہیں جنہیں بتدریج فعال کیا جارہا ہے۔