جھنگ: جھنگ کے ووٹرز 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں شیر کے نشان پر مہر نہیں لگا سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کا اعلان 25 جولائی کو کیا گیا ہے۔ جیسے جیسے عام انتخابات کا وقت قریب آ رہا ہے ویسے ویسے سیاسی گہما گہمی بھی بڑی رہی ہے۔ سیاسی رہنما جیت کے لیے اپنی سر توڑ کوششیں کررہے ہیں جب کہ سیاسی پارٹیوں کی جانب سے رہنماؤں کو ٹکٹیں دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اس وقت پنجاب میں دو بڑی سیاسی پارٹیاں ہیں۔عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ن میں سخت مقابلہ ہوگا۔ تاہم ایک ایسا شہر بھی ہے جہاں کوئی بھی شہری ن لیگ کو ووٹ نہیں دے سکے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 25 جولائی کو ہونے والے تمام انتخابات میں جہاں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے وہاں سیاسی پارٹیاں ملک بھر میں اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کرنے کے لیے سرگرم ہیں لیکن دلچسپ بات یہ ہے جھنگ سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ کے حصول کے لیے کسی بھی امیدوار نے درخواست نہ دی ہے اس طرح اب جھنگ میں مسلم لیگ ن کا کوئی بھی امیدار نہیں ہو گا اور جھنگ کے شہری شیر کے نشان پر مہر نہیں لگا سکیں گے۔ جھنگ میں قومی اسمبلی کی تین اور صوبائی اسمبلی کی سات نشستیں ہیں دلچسپ بات یہ ہے کہ ن لیگ کے ضلعی صدر اور سابق ایم پی اے خالد غنی سابق وفاقی وزیر شیخ وقاص اکرم سمیت دیگر سابق اراکین اسمبلی اپنی جماعت کے ٹکٹ کی بجائے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔یاد رہے کہ آج عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا آخری دن ہے۔اور ملک بھر سے الیکشن لڑنے کے لیے امیدوار آج ہی فائنل کر دئیے جائیں گے۔ملک بھر میں عام انتخابات 25جولائی کو ہوں گے تا ہم کچھ سیاسی مبصرین کے مطابقالیکشن میں تاخیر بھی ہو سکتی ہے۔