کراچی میں یوم پاکستان کے موقع پر ’رن فار کراچی ‘کے نام سے میراتھون ریس منعقد کی گئی۔ ریس میں جامعات کے طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے حصہ لیا۔
کراچی میں سی ویو پر انوکھے انداز میں یوم پاکستان منایا گیا، حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کرنے کے لیے نجی یونیورسٹی اورایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے تحت رن فار کراچی میراتھون ریس کااہتمام کیا گیا۔ ریس میں 4 جامعات کے طلبہ اور مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے حصہ لیا، بچوں ، بڑوں سب ہی نے مل کر ریس لگائی جس میں پیرا اسپورٹس سے 30 اسپیشل بچوں نے حصہ لے کر ثابت کردیا کہ وہ کسی سے کم نہیں ہیں۔ ریس 3 کیٹیگریز میں رکھی گئی تھی جس میں 1 کلومیٹر، 5 کلومیٹر اور 10 کلومیٹر کی ریس شامل ہے۔ سی ویو پر مکڈونلڈ سے خیابان اقبال تک دس کلو میٹر کی میراتھون ریس ہوئی، اختتام پر جیتنے والے افراد میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گئے۔