اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو ایک اور شاندار کامیابی مل گئی ، حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد عوامی سروے میں بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے، گیلپ اینڈ کمپنی کی جانب سے موجودہ حکومت کی مقبولیت جانچنے کیلئے کروائے گئے عوام کے سروے
میں 49 فیصد افراد نے موجودہ حکومت کو گزشتہ حکومت سے بہتر قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد حکومت کی کارگردگی اور مقبولیت جانچنے کیلئے پہلے عوامی سروے کا انعقاد کیا گیا۔ سروے جیلانی اینڈ کمپنی کی جانب سے کروایا گیا۔ گیلپ اینڈ کمپنی کے سروے کے دوران چاروں صوبوں سے مرد و خواتین سے تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی سے متعلق سوال پوچھا گیا۔ سروے کے دوران 15 سو 50 مرد و خواتین سے حکومت کی اب تک کی کارکردگی سے متعلق پوچھا گیا۔ سروے 27 اگست سے 3 ستمبر تک کیا گیا۔ جبکہ غلطی کا مارجن 2 سے3 فیصد رکھا گیا۔ سروے کے دوران 49 فیصد پاکستانیوں نے رائے دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی کارکردگی گزشتہ حکومت سے بہتر ہے جبکہ 27 فیصد پاکستانیوں کی رائے میں موجودہ حکومت کی کارکردگی گزشتہ حکومت سے بدتر ہے۔ 18 فیصد پاکستانیوں کی رائے میں موجودہ اور گزشتہ حکومت کارکردگی میں کوئی فرق نہیں۔ جبکہ سروے کے دوران 6 فیصد افراد نے کارکردگی سے متعلق کوئی رائے نہیں دی۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کی موجودہ حکومت کا قیام 18 اگست کو عمل میں آیا تھا۔ عمران خان 18 اگست کو پارلیمنٹ کے اجلاس کے دوران وزیراعظم منتخب کیے گئے تھے۔ عمران خان 176 ووٹ لے کر وزیر اعظم منتخب ہوئے تھے۔