قصور: پنجاب حکومت کے ترجمان ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ زینب کیس کی تحقیقات کے دوران ملنے والے سراغ کی بنیاد پر کہہ سکتے ہیں کہ ہم ملزم کے قریب پہنچ گئے ہیں اور وہ جلد کیفر کردار تک پہنچے گا۔
قصور میں صوبائی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرس کے دوران پنجاب حکومت کے ترجمان ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ایک ہی علاقے میں اس طرح کے واقعات ہونا افسوسناک ہے، ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ عوام میں غم و غصہ تھا ان کے دکھ کا مداوا ہونا چاہیے تھا، پولیس اہلکاروں کو مظاہرین پر فائرنگ نہیں کرنی چاہیے تھی۔ پولیس کی جانب سے فائرنگ پر وزیراعلیٰ پنجاب نےفوری ایکشن لیا۔ واقعے میں ملوث شخص کی گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں، ملنے والے سراغ کی بنیاد پر کہہ سکتے ہیں ہم ملزم کے قریب پہنچ گئے ہیں، وہ جلد کیفر کردار تک پہنچے گا، 24 گھنٹے میں ہونے والی تحقیقات سے متعلق عوام کو آگاہ کریں گے۔
اس موقع پر صوبائی وزیررانا مشہود نے کہا کہ زینب کے قاتلوں کو پکڑا جانا چاہیے اور اسے قرارواقعی سزا ملنی چاہیے، ہمیں شہر کے امن کو خراب نہیں کرنا ہے بلکہ اس مصیبت کا خاتمہ کرنا ہے،شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ املاک کو نقصان نہ پہنچائیں، تحقیقاتی اور تفتیشی اداروں کا امن بحال کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، وزیر اعلیٰ پنجاب ذاتی طور پر کیس کی نگرانی کررہے ہیں، وہ واقعے کی تحقیقات اور امن وامان کی بحالی کو بھی دیکھ رہےہیں۔ کچھ مشتبہ افراد کو پکڑا گیاہے، جلد ہی اہم اعلان کریں گے۔ وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ قصور واقعات میں ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔