کراچی: شہرِ قائد میں آج سے سمندری ہوائیں چلنا شروع ہو گئیں، جس کے باعث گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار تک درجہ حرارت معمول پر آجائے گا، لیکن بری خبر یہ ہے کہ پیر سے کراچی کے درجہ حرارت میں دوبارہ اضافے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات اور طبی ماہرین نے کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے شہری بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور اگر گھر سے نکلیں تو سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔ ماہرین اور ڈاکٹروں کے مطابق سر اور جسم کے دیگر حصوں پر گیلا کپڑا لپیٹنے سے بھی گرمی کا احساس کم ہوتا ہے۔ شدید گرمی کے موسم میں ہلکے رنگ اور ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہننے کی ہدایت کی جاتی ہے، جو گرمی کے احساس میں کمی کے لیے مددگار ہوتے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔