لندن: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں ورلڈ کپ 2019 کے دوسرے میچ میں جمعہ کو پاکستانی وقت کے مطابق ڈھائی بجے مد مقابل ہوں گی۔ یہ حالیہ ورلڈ کپ کا دوسرا میچ ہوگا جبکہ 1992 کے ورلڈ کپ کا چوتھا میچ وہ مقابلہ تھا جس میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں اور میگا ایونٹ میں اپنے سفر کا آغاز کیا۔
1992 کے ورلڈ کپ میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کا میچ آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں 23 فروری کو کھیلا گیا تھا جس میں گرین شرٹس کو 10 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی جانب سے رمیز راجہ نے 102 رنز کی اننگ کھیلی اور ناٹ آﺅٹ رہے جبکہ جاوید میانداد 57 رنز کے ساتھ آﺅٹ ہوئے بغیر کریز پر موجود رہے۔
گرین شرٹس کی جانب سے عامر سہیل نے 23 اور انضمام الحق نے 27 رنز سکور کیے اور دونوں ہی کیچ آﺅٹ ہوئے۔ 221 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کالی آندھی نے پاکستانی باﺅلرز کے چھکے چھڑا دیے اور بنا کسی نقصان کے 19 گیندیں پہلے ہی مقررہ ہدف حاصل کرلیا تھا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈوزمنڈ ہینز 93 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ سٹار بلے باز برائن لارا 88 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔ ان کی جگہ سر رچی رچرڈسن بیٹنگ کیلئے آئے اور 20 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔