نئی دہلی…… بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک سے زائد بیویاں رکھنے والے افراد کو اسسٹنٹ اردو ٹیچرزکی آسامی کےلئے غیرموزوں قرار دے دیا گیاہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اترپردیش میں محکمہ بنیادی تعلیم کی جانب سے جاری ہونے والے ایک حالیہ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ وہ افراد جن کی ایک سے زیادہ بیویاں ہوں وہ اردو ٹیچر کی آسامی کےلئے درخواستیں جمع نہیں کراسکتے۔ اسی طرح غیر شادی شدہ خواتین ٹیچرز پر شادی شدہ مرد سے شادی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس اعلان کے پیچھے اصل مقصد یہ کارفرما ہے کہ ریاستی حکومت نے 3500اردو ٹیچرز کی بھرتی کے لئے ایک پروگرام شروع کیا ہے اور چونکہ مسلمان مرد ایک سے زائد شادی کرسکتا ہے لیکن بھارت کا پنشن قانون اس سلسلے میں غیر واضح ہے ۔ مسلمانوں کے لئے بنائے گئے مسلم پرسنل لاء کے تحت مسلم امیدوار کے انتقال کی صورت میں پنشن کی دو بیوائوں میں یکساں تقسیم لازمی ہے لیکن پنشن قانون میں یہ شق موجود نہیں لہذا اس قانونی پیچیدگی سے بچنے کے لئے انتظامیہ نے عارضی حل یہ نکالا ہے کہ دو بیویاں رکھنے والے امیدوار کو نوکری ہی نہ دی جائے۔