کراچی : سانحہ کراچی پر پوری قوم افسردہ، سیاسی قیادت بھی غم میں برابر کی شریک ہے۔ وزیراعظم نے آج ملک گیر یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ قومی پرچم بھی سرنگوں رہے گا۔
نواز شریف کہتے ہیں نہتے شہریوں پر فائرنگ بزدلانہ فعل ہے دہشتگردوں کو انجام تک پہنچائیں گے۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سفاکیت قرار دیا۔ انہوں نے پرنس کریم آغا خان کو ٹیلی فون کرکے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
پیپلز پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ دہشتگردوں نے درجنوں گھروں میں صف ماتم بچھا دی۔ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے بھی بس پر فائرنگ کو بربریت کی انتہا قرار دیا۔
سینیٹ نے واقعہ پر مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ ایم کیو ایم نے علامتی واک آؤٹ بھی کیا۔ جماعت اسلامی نے واقعہ کیخلاف سینیٹ اور قومی اسمبلی میں دو تحاریک التوا بھی جمع کرا دی ہیں۔ سراج الحق کہتے ہیں قوم جاننا چاہتی ہے کہ ایسے واقعات کے پیچھے کون ہے؟۔
مجلس وحدت مسلمین اور دیگر جماعتوں نے بھی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔