شکارپور (یس ڈیسک) پولیس نے رینجرز کے ساتھ مل کر شکارپور کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر سانحہ شکار پور میں ملوث دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا جنہیں تفتیش کیلئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
گرفتار کے گئے دہشتگرد خلیل بروہی کا تعلق ڈیرہ مراد جمالی جبکہ رسول بخش بروہی کا شکار پور کے علاقے خان پور سے ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں کہ خودکش حملہ آور نے ایک ہفتے تک شکار پور کے نواحی گاؤں خواستی بروہی میں قیام کیا اور سانحے کے دن صبح میں شکارپور شہر پہنچا
جبکہ سانحے کے خلاف دھرنا دینے والوں پر بھی خودکش حملہ کرنے کا منصوبہ بنایا گیا۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر شکارپور اور جیکب آباد کے مختلف علاقوں میں مزید چھاپے مارنے شروع کر دئیے ہیں۔ واضح رہے امام بارگاہ پر حملے میں اکسٹھ افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔