کراچی میں رمضان المبارک سے قبل ساحل سمندر پر پکنک منانے کے لئے جانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔گزشتہ چار روز کے دوران مختلف واقعات میں پانچ افراد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
گرمی کی شدت اور بجلی آنکھ مچولی اور پھر چند دنوں میں رمضان المبارک کی آمد، شہریوں کی بڑی تعداد ساحل سمندر کا رخ کررہی ہے۔ سمندر پہنچ کر بہت سے منچلے قابو سے باہر ہوکر گہرے پانی میں نہانے کی کوشش کرتے ہیں،، جس کے باعث ڈوبنے کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ گذشتہ چار روز کے دوران مختلف واقعات میں 5 افراد ڈوب کر اپنی زندگی کی بازی ہار گئے۔ 21 مئی کو سینڈسپٹ میں پکنک منانے کے لیے آئے دو نوجوان ریحان سلیم اور حماد ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔
بہادرآباد کے رہائشی ریحان کی لاش کو تو نکال لیا گیا،، لیکن حماد کی لاش 22 مئی کو ملی،ہاکس بے چاولہ بیچ پر نہاتے ہوئے 20 سالہ پنٹو ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ 22 مئی کو گڈانی کے ساحل پر ڈوب کر 20 سالہ تجمل حسین جاں بحق ہوگیا، اس کے علاوہ حب ڈیم سے اسامہ نامی نوجوان کی لاش ملی،، منوڑہ میں ڈوبنے والے عظیم کی لاش تاحال نہیں مل سکی ہے۔