لاہور ہائیکورٹ نے پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس میں اضافے کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت اور وزارت پٹرولیم سے جواب طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی جس میں وفاقی حکومت، اوگرا اور وزارت پٹرولیم کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار تنظیم کے وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ پٹرولیم مصنوعات پر 17 فیصد سے زائد سیلز ٹیکس عائد نہیں کیا جا سکتا لیکن حکومت قانون کے برعکس 34 فیصد سے زائد سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے۔
درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات میں کمی ہوئی لیکن پاکستان میں پیٹرولیم کی قیمتیں عالمی منڈی کے تناسب سے کم نہیں کی گئیں۔ انہوں نے استدعا کی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں سیلز ٹیکس میں کیے گئے اضافے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواست پر کارروائی جولائی کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔