لاہور (ویب ڈیسک ) سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ آج شام 5 بجے شریف میڈیکل کمپلیکس کے گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی ۔ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل پڑھائیں گے۔ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے لیے تمام
انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ وی آئی پیز کے لیے ایک سائیڈ مختص کی گئی ہے جبکہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں خواتین بھی شریک ہو سکیں گی۔دوسری جانب بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت کے لیے تاحال جاتی امرا میں لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ تعزیت کے لیے آنے والی خواتین کو جاتی امرا کے دروازے پر ہی روک دیا گیا ہے۔ جبکہ معروف عالم دین مولانا طارق جمیل کو بھی جاتی امرا کے دروازے پر روک کر دوسرے دروازے سے اندر لے جایا گیا ہے۔یاد رہے کہ بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 سے لاہور لایا گیا۔کلثوم نواز کی میت حج ٹرمینل سے جاتی امرا لے جائی گئی جہاں نواز شریف اور مریم نواز نے ان کا دیدار کیا، اس موقع پر بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی پاکستان لانے کے لیے شہباز شریف کے ہمراہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اہل خانہ، نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے اہل خانہ، بیگم کلثوم نواز کی چھوٹی صاحبزادی اسما نواز بھی موجود تھے۔والدہ کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے ان کے صاحبزادے حسین اور حسن نواز پاکستان نہیں آئے۔بیگم کلثوم نواز کا جسد خاکی شریف میڈیکل سٹی کے سرد خانے میں منتقل کیا گیا۔ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ آج شام 5 بجے شریف میڈیکل سٹی کے گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔ جس کے بعد بیگم کلثوم نواز کے ان کے سسر میاں شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا ۔خیال رہے جاتی امراء رائےونڈ میاں نوازشریف کی رہائش گاہ اوراس کے ساتھ ہی ایک چھوٹا سا قبرستان بھی ہے جس میں دو قبریں میاں نوازشریف کے والد میاں شریف مرحوم اور میاں عباس شریف مرحوم کی ہیں اور اب اس چھوٹے سے قبرستان میں بیگم کلثوم نواز کو بھی سپرد خاک کیا جائے گا۔بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ تاخیر سے پاکستان پہنچنے پر نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) کی پیرول پر رہائی میں پیر تک توسیع کر دی گئی ہے۔