لاہور: ہائی کورٹ نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی نا اہلی کے لئے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دے کرخارج کردی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی نااہلی کے لئے درخواست پر سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ شیخ رشید نے متحدہ اپوزیشن کے جلسے میں اپنی قومی اسمبلی کی رکنیت سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا تھا تاہم بعد میں وہ اپنے بیان سے مکر گئے اور استعفیٰ دینے سے انکار کردیا۔ درخواست گزار نے استدعا کی کہ ممبر قومی اسمبلی نے استعفیٰ سے متعلق عوام سے جھوٹ بولا اور اپنی اس غلط بیانی پر وہ آئین کے آرٹیکل 62، 63 کے اہل نہیں رہے۔ عدالت شیخ رشید کو قومی اسمبلی کی نشست سے نااہل قرار دے۔ عدالت نے شیخ رشید کی نااہلی کی درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے درخواست خارج کردی۔