کراچی(ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے کراچی میں صفائی کرنے والی چینی کمپنی کے 95 کروڑ کے واجبات روک لیے جس سے بیرون ملک سرمایہ کاری متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا، کمپنی نے ادائیگی کے لیے وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھ دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے 4 اضلاع میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے صفائی کا ٹھیکہ دو چائینز کمپنیوں کو ٹھیکہ دیا گیا لیکن اب ضلع غربی اور ملیر میں صفائی کرنے والی چائینز کمپنی Hangzhoo jinjiang group, sanitation services & co کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔کمپنی کے مطابق ان کی 95 کروڑ روپے کی ادائیگی روک دی گئی ہے اور جس بنیاد پر رقم روکی گئی ہے وہ محض الزامات ہیں، ہم نے اپنے معاہدے کے مطابق گھر سے کچرا اٹھایا، سڑکوں اور گلیوں کی صفائی، سڑکوں کو دھونے سمیت تمام امور بخوبی سرانجام دے دیے لیکن اب ہماری ادائیگی روکنے سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، جنوری 2019ء سے ہماری رقم رکی ہوئی ہے، ہم نے اپریل 2019ء سے متعدد خطوط متعلقہ حکام کو ارسال کیے لیکن اب تک کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔چائینز کمپنی نے وزیر اعلی کو لکھے گئے خط میں لکھا ہے کہ وہ ایک بین الاقومی کمپنی ہے جو معاہدے کی پاسداری کررہی ہے لیکن اس کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جارہا ہے، کمپنی اپیل کرتی ہے ہماری ادائیگی فوری کی جائے تاکہ ہم مزید کام کرسکیں۔کمپنی کے مطابق اس طرز عمل سے غیرملکی سرمایہ کاری متاثر ہوسکتی ہے ہم نے کراچی میں سیکڑوں افراد کو نوکریاں دیں اور بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی ہے، ملیر اور غربی میں صفائی کے انتظامات کے لیے کر وڑوں روپے کی میشنری حاصل کی، پرائیوٹ لوگوں کو بھرتی کیا۔چینی کمپنی نے مزید کہا کہ رقم کی عدم ادائیگی کے باوجود چینی کمپنی کی جانب سے ضلع ملیر میں صفائی کے انتظامات کیے جار ہے ہیں لیکن اب ہمارے لیے کام کرنا مشکل ہے۔